ممنوعہ فنڈنگ: حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ 

ممنوعہ فنڈنگ: حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ 
سورس: File

اسلام آباد: حکومت نے الیکشن کمیشن کی طرف سے ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کے خلاف ڈکلیریشن سپریم کورٹ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ پارٹی ثابت ہوگئی ہے۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 

 انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے خلاف ڈکلریشن سپریم کورٹ بھیج رہی ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرائی جائے گی۔ 

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ قانون و آئین کے مطابق تحریک انصاف کے خلاف غیر جانبدار انکوائری شروع کی جائے جس میں منی لانڈرنگ کے ساتھ ساتھ خیرات کے پیسے کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ تمام لوگ جو اس جرم میں ملوث ہیں ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایف آئی اے کے تمام نمائندے اس انکوائری میں شامل ہوں گے۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک جماعت کو فارن ایڈڈ پارٹی قرار دیا گیا ہے۔ یہ جعلسازی کی تحقیقات ہے۔ سیکریٹریٹ کے ملازمین کو استعمال کیا گیا۔ فنڈز جو ملک میں آئے وہ کہاں لگے، اس کی بھی تحقیقات کی جائے گی۔
 

مصنف کے بارے میں