جنرل نکولس پیٹرک کی آرمی چیف سے ملاقات، پاک فوج کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہا

جنرل نکولس پیٹرک کی آرمی چیف سے ملاقات، پاک فوج کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہا

اسلام آباد: برطانوی جنرل نکولس پیٹرک کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات، دو طرفہ امور سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل نکولس پیٹرک نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے پاکستان کے پاک افغان سرحد پر حالیہ اقدامات کی تعریف کی اور سرحد پر باڑ لگانے کے پاکستانی اقدام کو بھی سراہا۔

برطانوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مشترکہ فریم ورک کے تحت ایکشن کی ضرورت پر زور دیا۔

آرمی چیف کے ہمراہ جنرل نکولس پیٹرک نے بلوچستان کے علاقے گردی جنگل کا بھی دورہ کیا، جس پر برطانوی وفد کو صوبے میں سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گردی جنگل میں زیادہ تر افغان پناہ گزین رہائش پذیر ہیں، بلوچستان کا علاقہ گردی جنگل 1979 میں ایک چھوٹا سا گاؤں تھا، وقت کے ساتھ ساتھ علاقہ مجرموں اور منشیات فروشوں کا گڑھ بن گیا۔ علاقے میں اسمگلرز اور دہشتگردوں کو تخریبی کارروائیوں کیلئے مدد ملتی تھی پاک فوج کی کارروائیوں سے علاقہ اب مجرموں سے پاک ہوچکا ہے۔ وفد نے انسداد دہشتگردی کیلئے آپریشن میں پاک فوج کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہا۔

برطانوی ہائی کمشنر، دفاعی اتاشی، کمانڈر جنوبی کمانڈ بھی جنرل نکولس پیٹرک کے ہمراہ تھے، برطانوی وفد نے سرحدی قصبے برابچہ کا بھی دورہ کیا۔