چیف جسٹس کے بعد صدر مملکت کے اختیارات کم کرنے کی تیاری شروع

چیف جسٹس کے بعد صدر مملکت کے اختیارات کم کرنے کی تیاری شروع

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ سیکشن 57 اور 58 میں ترامیم کے مجوزہ مسودہ کی تیاری شروع کردی۔


ذرائع کے مطابق الیکشن ایکٹ میں ترامیم کا مجوزہ مسودہ وزارت پارلیمانی امور کے حوالے کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکشن 58 میں مجوزہ ترمیم کے ذریعے الیکشن کمیشن کا کردار مضبوط کیا جائے گا جبکہ سیکشن 57 کے تحت تاریخ دینے کا اختیار صدر مملکت کو ہے جس میں ترمیم تجویز کی جا رہی ہے۔


اس کے علاوہ ذرائع نے  بتایا   کہ حکومت کی جانب سے ترمیم کر کے اختیار الیکشن کمیشن کو دینے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔


خیال رہے صدر ِپاکستان  ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت نظر ثانی کیلئے پارلیمنٹ کو واپس بھجوادیا ۔


 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  کا کہنا ہے  کہ بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے،   بل قانونی طور پر مصنوعی اور ناکافی (colourable legislation)  ہونے پر  عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس بل کی درستگی  اور جانچ پڑتال کرنے کیلئے دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے جس لئے بل واپس کرنا مناسب ہے۔