پی سی بی کی بہترین کارکردگی دکھانے والے قومی کرکٹرز پر اعزازات کی بارش

پی سی بی کی بہترین کارکردگی دکھانے والے قومی کرکٹرز پر اعزازات کی بارش
کیپشن: image by twitter/editor

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کراچی میں ایوارڈز تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بہترین کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا, تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ایوارڈز تقریب منعقد کی گئی جس میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے، تقریب میں پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی، شاہد آفریدی، معین خان ودیگر کھلاڑی موجود تھے۔

ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین بیٹسمین قرار پائے، ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ اعزاز چیمہ کے نام رہا، بہترین وکٹ کیپر کامران اکمل قرار پائے، ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ فہیم اشرف کے نام رہا، ون ڈے کرکٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ حسن علی کو ملا، ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ بابر اعظم کو دیا گیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو امتیاز احمد اسپرٹ کرکٹ ٹرافی سے نوازا گیا، انہوں نے اپنا اعزاز چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے وصول کیا , سپیشل ایوارڈ بہترین پرفارمنس فخر زمان کے حصے میں آیا، محمد عباس کو رواں سال ٹیسٹ میچز میں 27 وکٹیں حاصل کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

 بلائنڈ کرکٹ ٹیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عامر اشفاق کو ایوارڈ دیا گیا، بیسٹ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ محمد نوید قمر کو دیا گیا , تقریب میں ویمن کرکٹرز کو بھی ایوارڈز دئیے گئے، ایمرجنگ ویمن پلیئر ایوارڈ ڈیانا بیگ کو ملا، ویمن کرکٹر سدرہ نواز ڈومیسٹک کی بہترین وکٹ کیپر قرار دی گئیں، جویریہ خان ڈومیسٹک کی بہترین بلے باز قرار پائیں۔

 ویمن کرکٹر جویریہ ودود خان ڈومیسٹک اور ٹی ٹوئنٹی کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں، سابق کپتان ثنا میر نے ون ڈے ویمنز کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا , پی ایس ایل تھری ایلی مینٹر راؤنڈ کے ٹاس کوائنز 55 ہزار جبکہ فائنل ٹاس کوائن 65 ہزار روپے میں نیلام ہوئے، شعیب ملک کا ٹی ٹوئنٹی میں 2 ہزار رنز والا بیٹ ایک لاکھ 63 ہزار میں نیلام ہوا، سرفراز احمد کے چیمپئنز ٹرافی والے گلوز اور بیٹ 6 لاکھ روپے میں نیلام ہوئے جبکہ سرفراز کا بیٹ فخر زمان نے خریدا۔

 ایوارڈز تقریب میں نیلامی سے حاصل ہونے والی رقوم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیہ کردی گئی ہیں , ایوارڈ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ جس بیٹ سے 200 رنز اسکور کیے وہ فلاحی کام کے لیے دے دیا ہے، ایسے کئی بیٹ فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنے کو تیار ہوں، ہمارا کام کھیلنا اور پرفارم کرنا ہے۔

 امام الحق کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ایوارڈز تقریبات ہونی چاہئیں، ایوارڈ ملنے سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھتا ہے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے۔