وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری مستعفی ہو گئے

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری مستعفی ہو گئے

کوئٹہ : : نواب ثنا اللہ زہری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی   نے ٹوئیٹ کر کے اس بات کی تصدیق کر دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان تحریک عدم اعتماد سے پہلے ہی مستعفی ہوگئے ہیں۔


ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور ناراض ارکان کو منانے کی کوششیں کیں تاہم مسلم لیگ ن کے ارکان نے ان سے ملاقات سے بھی انکار کردیا۔

مسلم لیگ ن کے ناراض ارکان نے وزیر اعظم کو پیغام بھجوایا کہ ایک ایسے وقت میں جب وہ تحریک عدم اعتماد پیش کرچکے ہیں ایسے میں ان سے ملاقات کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد نواب ثنا اللہ زہری کو مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا اور کہا کہ جب اپنے ارکان ہی ساتھ نہیں ہیں تو حکومت بچانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان جان اچکزئی نے  کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے وزیراعلیٰ کو مستعفی ہونے کی کوئی ہدایت نہیں کی گئی جب کہ نواب ثناءاللہ زہری نے  مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کریں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس اکثریت ہے جو اسمبلی میں ثابت کریں گے۔