ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

 ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں نئے سلسلے کے تحت 11 مارچ تک بالائی علاقوں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

محمکہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 9 مارچ کو بلوچستان میں داخل ہوگا، یہ مغربی ہوائیں 11 مارچ تک ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی جب کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ 12 مارچ کو ملک میں داخل ہوگا۔ آج سے 13 مارچ کے دوران بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے پیشگوئی کے مطابق سندھ میں 10 اور  12 مارچ کے دوران سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ اور دادو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  خیبرپختونخوا میں بارشوں، تیز ہواؤں اور بالائی اضلاع میں برفباری کا ایک اور سلسلہ 10 مارچ  کی شام سےشروع ہونے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ کو24گھنٹے تیار رہنے کی ہدایت ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اور 14 مارچ کو دیر، سوات، ہنزہ، اسکردو اور باغ میں بھی برفباری سے سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے، بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں 11 تا 15 مارچ  کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں 10 سے 14 مارچ کے دوران بارشیں اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، صوبے میں 13 اور 14 مارچ کو چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

دوسری جانب پنجاب بھرمیں 11سے14مارچ تک طوفانی بارشوں کاامکان ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا۔  پنجاب اور اسلام آباد میں 11 سے 14 مارچ کے دوران بارشوں اور چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مصنف کے بارے میں