شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی ہے: شیخ رشید

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی ہے: شیخ رشید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور معاون خصوصی شہزاد اکبر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف مختلف مقدمات عدالتوں میں چل رہے ہیں اور انہیں باہر جانے کی اجازت دینے سے یہ تمام مقدمات التویٰ کا شکار ہو جائیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ میں نہیں تھا، کابینہ کمیٹی نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے، منظوری کے بعد ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا جائے گا البتہ شہبازشریف کو ہماری سفارش پر نظرثانی اپیل کرنے کا حق حاصل ہے اور وہ 15 روز میں نظرثانی کی درخواست دے سکتے ہیں۔
اس موقع پر معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف مختلف مقدمات عدالتوں میں چل رہے ہیں، شہباز شریف کو جانے دیا جاتا تو تمام مقدمات التواءمیں چلے جاتے، حدیبیہ پیپر میں ان کی بریت نہیں ہوئی کیس تکنیکی بنیاد پر بند ہوا۔