یوٹیوب کے ذریعے ایک ارب روپے سے زائد کمانے والے 6 سالہ بچے کے چرچے

یوٹیوب کے ذریعے ایک ارب روپے سے زائد کمانے والے 6 سالہ بچے کے چرچے

لندن: ریان اس وقت انٹرنیٹ کی مشہور شخصیت بن چکے ہیں اور ٹیکس دینے سے قبل وہ ہر سال کم ازکم 11 ملین ڈالر کماتے ہیں اور پاکستان میں یہ رقم تقریباً ایک ارب 10 کروڑ روپے بنتی ہے جب کہ اس کہانی کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اربوں کی کمائی کرنے والے اس بچے کی عمر صرف 6 برس ہے۔ ریان اپنے چینل پر ہر نئے کھلونے پر تبصرہ کرتا ہے۔ ریان ٹوائے ریویوز کے نام سے یہ چینل ہر دن مقبول ہو رہا ہے اور اب اس کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

ریان کھلونوں کے ساتھ ساتھ کھانوں پر بھی تبصرہ کرتے ہیں۔ ریان کے والد بھی بچے کی صلاحیت سے خوش ہیں اور وہ ویڈیو بنانے کے عمل کو خاندان کے ساتھ مزید وقت گزارنے اور رشتہ مضبوط کرنے کی ایک وجہ بھی سمجھتے ہیں جب کہ ریان نے اپنے والدین کی مدد سے 2015 میں اپنے اس چینل کا آغاز کیا جب ان کی عمر صرف 4 برس تھی۔

ریان کے دلچسپ تبصروں نے کروڑوں لوگوں کو متوجہ کیا اور یہ چینل عروج پر اس وقت پہنچا جب ریان نے اس پر ایک بڑے انڈے کی سرپرائز ویڈیو ڈالی اور اسے 80 کروڑ سے زائد افراد نے دیکھا اور سراہا جب کہ بقیہ ویڈیوز کو دیکھنے والے افراد کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ اس کے بعد ان کی سائنس پڑھانے والی والدہ نے تدریس کو خیر باد کہہ دیا اور وہ پورا وقت اب ریان کے ساتھ ویڈیوز کو دیتی ہیں۔

ریان کو کیمرے سے بے انتہا محبت ہے اور جب ان کی والدہ ویڈیو بنانے کا کہتی ہیں تو وہ بہت خوش ہو کر فوری طور پر تیار ہو جاتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں