ملک میں کورونا کا جن بے قابو، مزید 14 افراد زندگی ہار گئے

ملک میں کورونا کا جن بے قابو، مزید 14 افراد زندگی ہار گئے

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس دوبارہ پھیلنے لگا ہے۔ اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر مزید 14 مریض زندگی کی ہار گئے۔ اموات میں حالیہ اضافے سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 601 ہو گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پورے پاکستان میں 615 نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ 20 ہزار 463 تک پہنچ گئی ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال کا کورونا ٹیسٹ بھی پازیٹو آ گیا ہے۔ انہوں نے خود ٹویٹ میں تصدیق اس بات کی تصدیق کی۔

وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک کے 103 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ این سی او سی نے عوامی اجتماعات بارے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ عوامی اجتماعات کی انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی پابند ہوگی۔ کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں2 ہزار270 اور سندھ میں 2 ہزار562 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان میں 146، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 80 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 17 ہزار526 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ ایک ہزار14، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار756، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار427، بلوچستان میں 15 ہزار575، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 965 اور آزاد کشمیر میں3 ہزار198 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام صوبوں کی مشاورت کے بعد گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق ان ڈور تقریب میں زیادہ سے زیادہ پانچ سو افراد اور دورانیہ 3 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ تمام لوگ کرسیوں پر بیٹھیں، کوئی بھی کھڑا نہ ہو جبکہ کرسیوں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ یقینی بنایا جائے۔

سٹرکوں پر ہونے والی واک اور اجتماعات میں ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔ زیادہ متاثرہ علاقوں میں اجتماعات سے گریز کیا جائے۔ کھانا دینے کی اجازت نہیں، تاہم پانی کا انتظام مختلف مقامات پر کیا جائے تاکہ رش سے بچا جا سکے۔ بچے، بزرگ اور کسی بھی مرض کا شکار افراد اجتماعات میں نہ جائیں۔ کورونا آگاہی کے بینر لگائے جائیں اور اعلانات بھی کیے جائیں۔