10 فیصد شرح سے کم کورونا مثبت شہروں میں پابندیاں ختم، نوٹیفکیشن جاری

10 فیصد شرح سے کم کورونا مثبت شہروں میں پابندیاں ختم، نوٹیفکیشن جاری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک کے 10 فیصد شرح سے کم کورونا مثبت والے علاقوں سے پابندیاں اٹھا لی ہیں جبکہ 10 فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے شہروں میں پابندیاں برقرار رہیں گی۔ 
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے کورونا پابندیوں سے متعلق جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 10 فیصد شرح سے کم کورونا مثبت والے علاقوں سے پابندیاں اٹھالی گئی ہیں۔ 
ان شہروں میں 300 افراد کیساتھ ان ڈور تقریبات کی اجازت ہو گی اور آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شرکت کر سکیں گے جبکہ 12 سال سے کم عمر بچوں کے تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کیساتھ کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کم شرح والے علاقوں میں مکمل ویکسین شدہ افراد کو ان ڈور ڈائننگ کی اجازت بھی دی گئی ہے جبکہ سینما اور مزارات میں صرف مکمل ویکسین شدہ افراد ہی داخل ہو سکیں گے، ان ڈور سپورٹس سرگرمیوں کی اجازت بھی ہو گی۔ 
این سی او سی کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں 10 فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے شہروں گلگت، مظفرآباد، مردان، کراچی، حیدرآباد اور پشاور میں پابندیاں برقرار رہیں گی جبکہ 12 سال سے کم عمر بچے متبادل دنوں میں سکول جائیں گے۔ 
مذکورہ شہروں میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی کیساتھ ساتھ ڈومیسٹک پروازوں پر کھانے اور سنیکس پر پابندی برقرار رہے گی جبکہ ٹرینوں میں 80 فیصد اور پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کیساتھ چلائی جائے گی۔ 10 فیصد سے زائد مثبت کورونا شرح والے علاقوں کیلئے اگلا جائزہ اجلاس 21 فروری کو ہو گا۔ 

مصنف کے بارے میں