وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا گیا

وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا گیا
کیپشن: Image Source: File Photo

منامہ:  وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے شاہ حمد بن عیسٰی الخلیفہ نے اپنے ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان سخیر محل پہنچے تو بحرین کے شاہ حمد بن عیسٰی الخلیفہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے علاوہ عالمی اور علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

شاہ بحرین کی جانب سے وزیراعظم کو بحرین کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ عطا کیا گیا۔ خیال رہے کہ بحرین کے شاہ حمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ نے وزیراعظم کو بحرین کا دورہ کرنے اور ان کے قومی دن کی تقریب میں مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کرنے کی دعوت دی تھی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے دورہ بحرین کے دوران وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ ان مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں جن میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق، کھیلوں اور میڈیکل کے شعبے میں تعاون سمیت دیگر یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان بحرین کے پہلے سرکاری دورہ پر منامہ پہنچے تو ولی عہد سلمان بن حمد بن عیسی الخلیفہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ایک اعلی سطح وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے جس میں کابینہ کے ارکان کے علاوہ دیگر اعلی حکام بھی شامل ہیں۔