یو اے ای کے دورہ کے دوران بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات طے نہیں: شاہ محمود قریشی

یو اے ای کے دورہ کے دوران بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات طے نہیں: شاہ محمود قریشی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دورہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات طے نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یو اے ای کے دورے کا مقصد پاک، امارات تعلقات ہیں ناکہ پاک، بھارت تعلقات ہیں، اس دورے کے دوران بھارتی ہم منصب سے کسی طرح کی بھی ملاقات طے نہیں ہے۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت تعلقات میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ثالثی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا  پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کی دوستی کے 50 سال مکمل ہورہے ہیں اور مستقبل میں باہمی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچے تھے جبکہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر آج متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ 
اگرچہ پاکستانی دفتر خارجہ نے شاہ محمود قریشی اور ان کے بھارتی ہم منصب کے درمیان امارات میں متوقع ملاقات کی سختی سے تردید کی تاہم بھارتی میڈیا اسے دونوں ممالک کی درمیان بیک ڈور رابطوں کے تناظر میں رپورٹ کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی موجودگی میں ایس جے شنکر کے دورہ یو اے ای کو دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے بیک ڈور رابطے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاہم پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی اس کی سختی سے تردید کی تھی۔