نواز شریف، حسن اور حسین کی آج نیب میں پیشی متوقع

نواز شریف، حسن اور حسین کی آج نیب میں پیشی متوقع

لاہور: سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور انکے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز کی نیب آفس لاہور میں آج پیشی متوقع ہے۔ نیب نے ریفرنسوں کے معاملے پر شریف فیملی سے آج جواب طلب کیا ہے جبکہ طارق شفیع اور اسحاق ڈار کو ذاتی طور پر پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔

بڑی پیشی کے لیے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ شریف فیملی کی ممکنہ پیشی پر دو سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔

گزشتہ روز نیب نے سپریم کورٹ سے جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10 کی تصدیق شدہ نقول حاصل کر لی تھیں جبکہ شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے سعودی حکومت کو خط بھی لکھ دیا گیا تھا۔ سعودی حکومت کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ عزیزیہ ملز سے متعلق معلومات بھی 30 اگست تک فراہم کر دی جائیں۔

ذرائع کے مطابق والیم 10 میں شامل باہمی قانونی معاونت کے تحت بیرون ممالک لکھے گئے خطوط کی نقول شامل ہیں جو نیب کو مزید معلومات کے حصول میں مدد فراہم کرے گی۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ 28 جولائی کو سنایا تھا جس کے فیصلے پر عمل درآمد کا اگلا مرحلہ آ گیا ہے جس میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 4 ریفرنسز 6 ہفتوں میں یعنی 8 ستمبر تک دائر کرنا ہیں۔

تحقیقاتی عمل کی نگرانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم راولپنڈی کے ڈائریکٹر رضوان احمد کریں گے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے تحقیقات کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور میجر (ر) شہزاد سلیم کریں گے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں