ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے کہنے پر نوبل انعام کیلئے نامزد کیا گیا

ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے کہنے پر نوبل انعام کیلئے نامزد کیا گیا
کیپشن: image by facebook

ٹوکیو:رواں برس کے نوبل انعام برائے امن کی نامزدگیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور ان میں امریکی صدر کا نام بھی شامل ہے۔ نوبل امن انعام کا اعلان رواں برس اکتوبر میں کیا جائے گا۔

معتبر جاپانی اخبار آساہی نے رپورٹ کیا ہے کہ جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل پرائز کے لیے امریکا ہی کی درخواست پر نامزد کیا ہے۔ جاپانی اخبار نے بغیر نام ظاہر کیے بغير ملکی حکومت کے ایک ذریعے کے حوالے سے یہ خبر شائع کی ہے۔ اخباری رپورٹ پر امریکی رد عمل ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے رپورٹرز کو بتایا کہ شیزو آبے نے اُن کی نوبل انعام کی نامزدگی کے لیے پانچ صفحات تحریر کیے ہیں۔

ٹرمپ نے نامزدگی کی اِس تحریر کو انتہائی خوبصورت بھی قرار دیا۔ امریکی حکومت کے مطابق جاپانی وزیراعظم نے گزشتہ برس جون میں ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی لیڈر چیرمین کم جونگ اُن کی سنگاپور میں ہونے والی پہلی سمٹ کی بنیاد پر یہ تجویز کیا ہے۔

نامزدگی کی تحریر میں اس سمٹ کو عالمی امن کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا۔ یہ امر اہم ہے کہ انہی دونوں لیڈروں کے درمیان ایک اور سمٹ رواں برس فروری کے اختتام پر ہو رہی ہے۔