توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں معافی  مانگ لی

توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں معافی  مانگ لی
سورس: File

اسلام آباد:  توہین الیکشن کمیشن معاملے میں فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ تحریری معافی جمع کرادیں پھر الیکشن کمیشن اس پر غور کرے گا کیس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی گئی ۔

فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سر براہی میں پانچ رکنی بنچ نے سماعت کی۔ فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں  پیش ہو کر الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کے چیئرمین عمران خان نے میری اہلیہ کے متعلق غلط الفاظ کا استعمال کیا۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے چیف الیکشن کمشنر سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے۔سابق وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ مجھے الیکشن کمیشن سے بھی ذاتی مسئلہ نہیں، پارٹی ایک ادارہ ہے میں اس کا ترجمان تھا اس وقت پارٹی پوزیشن تھی جو میں نے بیان کی۔ معاملہ جانے دیں، زبانی طور پر معافی مانگ چکا ہوں۔میری معذرت قبول کرلیں اور شوکاز نوٹس واپس لیں۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ معافی تحریری ہوتی ہے آپ معافی جمع کرادیں الیکشن کمیشن اس پر غور کرے گا کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میرا الیکشن کمیشن سے ذاتی جھگڑا نہیں ہے جلد تحریری معافی نامہ جمع کراؤں گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں