نیب راولپنڈی رنگ روڈ معاملے کی تفتیش کرنا چاہتا ہے تو کر سکتا ہے: شہزاد اکبر

نیب راولپنڈی رنگ روڈ معاملے کی تفتیش کرنا چاہتا ہے تو کر سکتا ہے: شہزاد اکبر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی رنگ روڈ معاملے کی تفتیش کرنا چاہتا ہے تو کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اٹارنی جنرل آفس میں کئی گھنٹے گزارنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ دوبارہ ایل ایل بی کر رہا ہوں، اٹارنی جنرل سے ٹیوشن لینے آیا تھا۔ 
وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حدیبیہ کیس پر کام کر رہے ہیں جبکہ رنگ روڈ سکینڈل اینٹی کرپشن کو بھیج دیا ہے البتہ اگر نیب بھی رنگ روڈ معاملے کی تفتیش کرنا چاہتا ہے تو کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اووسیز پاکستانیز ذلفی بخاری نے رنگ روڈ سکینڈل کے معاملے پر ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے اور اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالنے کی پیشکش بھی کی۔ 
نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھاکہ میں نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ رنگ روڈ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے ججز کی نگرانی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
زلفی بخاری کا کہنا تھاکہ نگ روڈ معاملے میں میرا نام نہیں لیا گیا بلکہ کہا گیا کہ ڈاکٹر توقیر شاہ کا نام لیا گیا اور ان کا ایک ہی رشتہ دار حکومت میں ہے جو میں ہوں، ڈاکٹر توقیر شاہ میری والدہ کے فرسٹ کزن ہیں، میں اپنی پوری زندگی ملک سے باہر رہا ہوں وہ یہاں رہتے ہیں، فیملی تعلقات اچھے ہوں یا برے، مناسب نہیں کہ ٹی وی پر بتایا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں زلفی بخاری کا کہنا تھاکہ شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ بریف کیس پکڑوں گا اور بھاگ جاؤں گا، جب سے پاکستان آیا ہوں یہ الزام ہے کہ بریف کیس پکڑ کر بھاگ جاؤں گا، مجھے ای سی ایل پر ڈالیں میں کہیں نہیں جانے والا ، انکوائری پوری کریں، میں نوازشریف نہیں کہ مجھے باہر جانا ہے۔