وبا کی دوسری لہر، وفاق المدارس کا دینی مدارس بند نہ کرنے کا اعلان

Pakistan, Covid-19,Madaris,Government
کیپشن: فائل فوٹو

پشاور: وفاق المدارس نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا، وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر تعلیمی ادارے اور مدارس بند کرنے کا اعلان کیا تو وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے مدارس کو بند نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

مرکزی سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے جامعہ زبیریہ پشاور کا دورہ کیا اور مدرسے کے طالب علموں سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وبا کے ایس او پیز کے تحت مدارس بند نہیں ہونگے کیونکہ تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے میں ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔ اس بارے میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نااہل ہے۔ 

مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ جامعہ زبیریہ پر حملہ تمام مدارس پر حملہ تھا اور یہ ایک ملی سانحہ ہے۔ وزیراعظم کو یہاں پر خود آنا چاہیے تھا لیکن اس معاملے پر حکومتی رویے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسلام کے پہرے دار ہیں اور وقت کی ضرورت ہے کی وفاقی حکومت مدارس کو مضبوط کرے اور دینی مدارس کے کردار کو محفوظ رکھنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ اس سانحے کے پس پردہ کرداروں کو گرفتار کیا جائے جبکہ بیرونی سازش کہنے کا حکومتی بیان ناکافی ہے اور اقدامات کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ 27ا کتوبر کو جامعہ زبیریہ میں مولانا رحیم اللہ حقانی مشکوٰۃ شریف کا درس جاری تھا کہ اس دوران وہاں دھماکا ہو گیا جس میں نو طلبا جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔