لاہور ہائیکورٹ، عدت پوری کیے بغیر بیوی کی بہن سے  شادی کو غیر قانونی قرار

لاہور ہائیکورٹ، عدت پوری کیے بغیر بیوی کی بہن سے  شادی کو غیر قانونی قرار

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے عدت پوری کیے بغیر بیوی کی بہن سے  شادی کو غیر قانونی قرار دے دیا ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ پہلی بیوی کی عدت مکمل ہونے سے پہلے اسکی بہن سے شادی کرنا دو بہنوں کو بیک وقت نکاح میں رکھنے کے مترادف ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سلامی شریعت کے مطابق ایک شخص دو سگی بہنوں کو بیک وقت نکاح میں نہیں رکھ سکتا، 

اسلامی فقہ اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے مطابق ایک عورت کی عدت مکمل ہونے تک رشتہ ازدواج میں رہے گی، فقیہین اس بات پر متفق ہیں کہ ایک شخص پہلی بیوی کی عدت مکمل ہونے سے قبل اس کی بہن سے شادی نہیں کر سکتا۔

 فیصلے کے مطابق   کوئی بھی شخص اپنی پہلی بیوی کی عدت مکمل ہونے کے بعد اس کی دوسری بہن سے شادی کر سکتا ہے۔ پہلی بیوی کی عدت مکمل ہونے سے قبل اس کی بہن سے  شادی فاسد تسلیم کی جائے گی اور یہ قابل سزا جرم ہے، ایسا نکاح دو بہنوں کو ایک ہی وقت میں نکاح میں رکھنے کے مترادف ہے۔

میاں بیوی پر لازم ہے کہ فاسد شادی کے بارے میں معلوم ہوتے ہی جلد سے جلد ایک دوسرے سے علیحدہ ہو جائیں،اگر میاں بیوی ایسی شادی کو ختم نہیں کرتے تو قاضی کی ذمہ داری ہے کہ ان کی شادی ختم کرے،۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ درخواست گزار مصور حسین نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے رجوع کیا، اگست 2023 کو صابر علی نامی شخص نے اپنے بہنوئی مصور حسین کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی۔ایف آئی آر کے مطابق بہنوئی نے اپنی پہلی بیوی سے نکاح کی موجودگی میں اس کی چھوٹی بہن سے شادی کی۔

شکایت کے مطابق ایک شخص کا بیک وقت دو سگی بہنوں کے ساتھ نکاح میں ہونا خلاف شریعت ہے۔ بہنوئی مصور حسین کے مطابق اس نے پہلی بیوی کو طلاق دینے کے 9 دن بعد دوسری بہن سے شادی کی۔ بہنوئی مصور حسین کے مطابق اس کے خلاف درج مقدمہ غیر قانونی ہے۔

مگر درخواست گزار مصور حسین نے دوران تفتیش پولیس کو اپنی طلاق سے متعلق مصدقہ کاغذات بھی مہیا نہیں کیے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد عدت پوری کیے بغیر اپنی بیوی کی سگی بہن سے شادی کرنے والے ملزم کی عبوری ضمانت خارج کردی۔ 

مصنف کے بارے میں