نیا ٹیکس لگنے کے بعد موبائل فون پر 5 منٹ کی کال اب کتنے روپے میں پڑے گی؟ 

نیا ٹیکس لگنے کے بعد موبائل فون پر 5 منٹ کی کال اب کتنے روپے میں پڑے گی؟ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیرخزانہ شوکت ترین نے وضاحت کی ہے کہ موبائل فون کی 5 منٹ سے زیادہ کال پر 75 پیسے کا ٹیکس لاگو ہوگا جبکہ انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس پر کوئی ٹیکس نہیں ہو گا اور اس ٹیکس کے ساتھ ہی 5 منٹ کی کال کرنے والے افراد سے اب اضافی کی کٹوتی کی جائے گی۔ 
پاکستان میں موبائل فون کی فی منٹ کال پر اوسط 33 پیسے وصول کئے جاتے ہیں اور یوں 5 منٹ کی فون کال پر ٹیلی کمیونی کیشن انڈسٹری 1 روپے 65 پیسے وصول کرتی ہے جبکہ موبائل فون کال پر پہلے سے ہی 19.5 فیصد کا ٹیکس عائد تھا اور اب یکم جولائی سے صارفین کو 19.5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے ساتھ 75 پیسے کا اضافی ٹیکس دینا پڑئے گا۔ اس اضافی ٹیکس کے بعد 5 منٹ سے زائد کی فون کالز پر مجموعی ٹیکس کی شرح 65 فیصد تک پہنچ جائے گی اور 5 منٹ کی کال کی قیمت 2 روپے 72 پیسے ہوجائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت ایک جانب پاکستان کو ڈیجیٹل بنانے کے دعوے کررہی ہے وہیں موبائل کال پر اضافی ٹیکس عائد کیا جارہا ہے، ملک میں صرف 29 لاکھ افراد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کراتے ہیں جبکہ کروڑوں موبائل فون صارفین قابل انکم ٹیکس حد میں شامل نہ ہونے کے باوجود ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرتے ہیں جو ایڈجسٹ نہیں کراتے۔
 صارفین کا کہنا ہے کہ موبائل فون روزمرہ کی ضرورت ہے اور حکومت نے عوام کی ضرورت کی خدمات یا مصنوعات کو ٹیکس حاصل کرنے کا ذریعہ بنا لیا ہے تاہم موبائل کال پر ٹیکس سے پاکستان میں براہ راست کاروباری لاگت اور عام آدمی کے گھریلو بجٹ میں اضافہ ہوگا۔