امریکی وزیر دفاع بھارت کے دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے

 امریکی وزیر دفاع بھارت کے دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے

نئی دہلی:امریکی وزیر دفاع جِم میٹس بھارت کے دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے ۔ اس دورے کا مقصد بھارت امریکہ دفاعی تعلقات کو نئی سطح پر استوار کرنا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق اس نقطہ نظر کے ساتھ کہ دفاعی اور معاشی اعتبار سے مضبوط بھارت امریکہ کے قومی مفاد میں ہے۔
جم میٹس بھارتی ہم منصب نرملا سیتا رمن، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات اور تبادلہ خیال کریں گے

ایف۔16 اور ڈرون طیاروں کا سودا؛ اور علاقائی امور، بالخصوص افغانستان سکیورٹی، ایجنڈے پر سرفہرست ہوں گے۔پینٹاگان کے ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکہ بھارت کو وسیع تر باہمی مفاد کے تحت اپنا قیمتی اور بااثر شریکِ کار سمجھتا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ نرملا سیتا رمن کے ساتھ تبادلہ خیال میں افغانستان کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ دونوں ملکوں کو افغانستان کی سلامتی کی صورت حال پر تشویش ہے اور جب پچھلے دِنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق اپنی نئی پالیسی کا اعلان کیا تھا تو انھوں نے بھارت سے کہا تھا کہ وہ افغانستان کی معاشی ترقی کے لیے اپنی امداد میں اضافہ کرے اور اس کی تعمیر نو میں اپنا کردار بڑھائے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے برسراقتدار آنے کے بعد کابینہ کے وزیر کا یہ بھارت کا پہلا دورہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس دورے میں بھارت امریکہ دفاعی تعلقات کو نئے مقام پر لے جانے، افغانستان میں اسٹریٹجک تعاون میں اضافہ اور بحری سلامتی کے استحکام کے ساتھ ساتھ انڈو۔پیسفک خطے میں قانون کی حکمرانی سے متعلق نئے ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کیے جائیں گے۔