پاکستانی عدلیہ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی، عمران خان

پاکستانی عدلیہ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ  پاکستانی عدلیہ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی، عدلیہ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ 
پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں یوم تشکر کی مناسب سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ مجھے لوگوں نے کہا پاکستان کی عدالتوں میں انصاف ۔نہیں ملتا لیکن سپریم کورٹ کےججز کی جتنی تعریف کروں کم ہے، ہماری عدالتوں کی تاریخ میں ایسی نظیر نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ یکم نومبر کو سپریم کورٹ کے ججز ۔ نے مجھ سے کہا کہ سڑکوں پر جانے کی بجائے عدالت میں آئیں تو میں نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا۔
جلسے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کہنا تھا کہ نیا پاکستان انڈر پاس ،میٹرو بس سے نہیں بلکہ عدل و انصاف پر مبنی اصولوں سے بنتا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل سے آگاہ ہوں، نئے پاکستان میں اصلاحات کریں گے،ایسا نظام لائیں گے کہ ملک میں غریب نہیں ملیں گے،یہاں زکوٰة دینے والے ہوں گے لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم ایسا نظام لائیں گے کہ کوئی کرپشن نہیں کرسکے گا ،کوئی ٹیکس چوری نہ کرسکے گا ،ہم احتساب کا مضبوط سسٹم بنائیں گے،عوام کے پیسے کی قدر کریں گے۔عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہیلتھ انشورنس پروگرام لانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے غریب کا 5روپے تک کا علاج مفت ہوگا ، کے پی میں ڈیڑھ لاکھ بچے نجی تعلیمی اداروں سے سرکاری اسکولوں میں واپس آئے.
انھوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو ہم چاروں صوبوں میں قائم گورنرہاوسز کو پارکوں میں تبدیل کرد یں گے۔انہوں نے عبوری وزیراعظم کے لیے نامزد شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تیار ہوجاو آپ کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کے بعد ن لیگ کو شہبازشریف کے علاوہ کوئی نہیں ملا کیونکہ مسلم لیگ نواز میں جمہوریت نہیں بلکہ وہ فیملی پارٹی ہے اور یہ جمہوریت نہیں بادشاہت ہے۔
عمران خان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اس کے بعد تمھاری باری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں تھی بلکہ کرپشن کے خلاف تھی اور کرپشن کے خلاف ہم نکلیں گے۔
۔