عمران خان، شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں:شیخ رشید

عمران خان، شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں:شیخ رشید

راولپنڈی:ایک طرف جہاں پاکستان تحریک انصاف لانگ مارچ کا اعلان کرچکی ہے وہیں اب عمران خان کے سب سے قریبی سمجھے جانے والے شیخ رشید نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مقتدر قوتیں ضامن بنیں تو قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کیلئے عمران خان شہباز شریف حکومت کیساتھ بات چیت کیلئے تیارہیں ۔


تفصیلات کے مطابق ساشیخ رشید نے ایک دفعہ پھر بڑی خبر یں دیتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کی اداروں کے ساتھ بعض غلط فہمیاں پیدا ہو گئی تھیں جوکہ نہیں ہونی چائیں تھیں ،لیکن میں  فوج کے ساتھ صلح کا حامی ہوں لڑائی کے حق میں نہیں اور اب بھی چاہتا ہوں ان کی صلح ہو جائے ۔

ایک سوال کا جواب دیتے شیخ رشید نے کہا کہ کوئی بہت ہی بے شرم ہوگا جو عمران کو چھوڑے گا،لیکن میرا ماننا یہ بھی ہے کہ اتحادی ساتھ چھوڑ گئے تو  کہیں تو ہم سے غلطی ہوئی،ساری کی ساری باپ (بلوچستان عوامی پارٹی) حکومت کا ساتھ چھوڑ کر چلی گئی، متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ (ق) کے آدھے ارکان ساتھ چھوڑ گئے تو کہیں تو ہم سے غلطی ہوئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا قبل از وقت عام انتخابات کے انعقاد کے لیے سابق وزیر اعظم عمران خان، شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہوگا کہ مقتدر قوتیں ضامن بنیں۔