ٹرین حادثے پر سعودی بادشاہ اور ولی عہد کا موقف بھی آگیا

ٹرین حادثے پر سعودی بادشاہ اور ولی عہد کا موقف بھی آگیا

ریاض: سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے رحیم یار خان میں ٹرین کے اندوہناک حادثے اور آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر صدر پاکستان سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے خصوصی رابطہ کرکے ان کیساتھ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعزیت کی، گہرے رنج وغم اور دکھ کا اظہار کیا۔

صدر پاکستان کو بھیجے گئے اپنے پیغام میں شاہ سلمان نے لکھا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ پاکستانی ٹرین میں آتشزدگی کا اندوہناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں اموات ہوئیں اور بچ جانے والے افراد زخمی ہوئے۔

ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ جاں بحق ہونے والوں پر اپنی رحمت نازل فرمائے جبکہ زخمیوں کو جلد از جلد صحت عطا فرمائے۔اسی پیغام میں شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، وہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی جلد صحت یابی اور جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کیلئے دعاگو ہیں۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے ملک کی طرف سے اللہ انسانیت کو ایسے حادثات، آفتوں اور مصیبتوں سے محفوظ رکھے۔