ناصر حسین شاہ نے ابوظہبی میں پی ایس ایل کے انعقاد کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کو دیدیا

ناصر حسین شاہ نے ابوظہبی میں پی ایس ایل کے انعقاد کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کو دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے میچز ابوظہبی میں کرانے کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کو دیدیا جبکہ انہوں نے پی ایس ایل کے انعقاد کی خبر بھی پی سی بی سے پہلے دیدی۔ 
تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر تو آ گئی ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز 9 جون سے شروع ہورہے ہیں لیکن وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی چاہے حکومت میں ہو یا نہ ہو، پاکستان کیلئے تو ہر وقت حاضر ہے۔ 
 دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایس ایل شیڈول ہونے کی خبر بھی ناصر حسین شاہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے پہلے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ’ابوظہبی میں پی ایس ایل کے انعقاد کی راہ میں حائل تمام رکاٹیں دور ہو گئی ہیں اور انشاءاللہ اگلے پانچ روز میں ٹورنامنٹ کا آغاز ہو جائے گا۔ ابوظہبی حکام ہر طرح سے پی ایس ایل کے انعقاد میں تعاون کریں گے۔ 

مندرجہ بالا ٹویٹ سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل بھی انہوں نے ایک ٹویٹ کی اور پی ایس ایل میچز کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے پی سی بی حکام سے کہا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو مجھ سے رابطہ کر لیں۔ 
ان کا کہنا تھا پاکستان کی عزت ہم سب کی عزت ہے۔ میں پی ایس ایل حکام کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ ابوظہبی میں پی ایس ایل کے انعقاد کی راہ میں اگر کچھ رکاوٹیں حائل ہیں تو میں اس حوالے سے یو اے ای کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کرنے کو تیار ہوں۔ پی سی بی حکام اگر ایسا چاہتے ہیں تو فوری طور پر مجھ سے رابطہ کر لیں۔ 

ان کی ٹویٹ کے بعد معاملہ میڈیا پر آیا تو انہوں نے پی ایس ایل میچز کے ابوظہبی میں انعقاد کا کریڈٹ لینے کا تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کوئی کریڈٹ نہیں لے رہے سب پاکستانی ہیں اور پاکستان کی عزت اور کامیابی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی محنت قابل تعریف ہے اور انشاءاللہ پی ایس ایل پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم ایک متحد اور معتبر پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔