سینیٹ انتخابات میں ووٹ ضائع کرنے کا معاملہ، زرتاج گل وزیر نے نوید قمر اور رانا ثناء اللہ کے الزامات کا جواب دیدیا

سینیٹ انتخابات میں ووٹ ضائع کرنے کا معاملہ، زرتاج گل وزیر نے نوید قمر اور رانا ثناء اللہ کے الزامات کا جواب دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے سینیٹ الیکشن میں اپنے ووٹ ضائع ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنا ووٹ ضائع کیا نہ ہی میں نے ووٹ ضائع کیا، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے چلنے والی تمام خبروں کی سختی سے تردید کرتی ہوں۔ 

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے خبریں چل رہی ہیں کہ سینیٹ الیکشن کے دوران پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار سیّد یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں حکومتی امیدوار عبد الحفیظ شیخ کی شکست کے بعد مسترد شدہ ووٹوں میں ایک نام وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کا بھی ہے۔

ان خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے بیان میں لکھا’میڈیا پر چلنے والی مضحکہ خیز افواہوں کی سختی سے تردید کرتی ہوں۔ نہ وزیراعظم نے اپنا ووٹ ضائع کیا، نہ ہی میں نے! ہم نے پوری تیاری کی تھی اور لوازمات سے پوری طرح واقف ہیں۔ اپوزیشن کے جھوٹ محض گمراہ کرنے کیلئے ہیں۔ یہ ایک قابل افسوس امر ہے، ان میں کوئی صداقت نہیں۔‘ 

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے لکھا ’رانا ثناء اور نوید قمر نے وزیراعظم اور میرے ووٹ ضائع کرنے کے من گھڑت الزامات لگائے ہیں۔ میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتی ہوں کہ ووٹوں کی جانچ پڑتال کریں، اور جھوٹ پر مبنی الزامات لگانے پر رانا ثناء اور نوید قمر کے خلاف ووٹ کے استحقاق کو مجروح کرنے کی سزا دی جائے۔‘