اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف احمد خان بینک فراڈ کیس میں گرفتار

اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف احمد خان بینک فراڈ کیس میں گرفتار

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے معروف اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین کے شوہر عاطف احمد خان کو بینک فراڈ کیس میں گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے نادیہ حسین کے گھر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ان کے شوہر اور سابق سی ای او بینک الفلاح سیکیورٹیز عاطف احمد خان کو حراست میں لے لیا۔


ایف آئی اے کے مطابق، بینک الفلاح سیکیورٹیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی شکایت پر تحقیقات کے بعد عاطف احمد خان کو گرفتار کیا گیا۔

ملزم پر الزام ہے کہ انہوں نے 80 ملین (8 کروڑ روپے) کے کمپنی فنڈز ذاتی ٹریڈنگ کے لیے استعمال کیے۔
60 کروڑ روپے تھرڈ پارٹی کے ذریعے غیرقانونی طور پر ایکوائر کیے گئے اور کمپنی فنڈز سے ہائی مارک اپ پر ادائیگی کی گئی۔
سابق سی ایف او فیصل شیخ اور امتیاز احمد نے بھی ملزم کو فراڈ میں سہولت فراہم کی۔
ایف آئی اے کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔


اپنے شوہر پر لگنے والے سنگین الزامات اور گرفتاری کے باوجود اداکارہ نادیہ حسین نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

یاد رہے کہ نادیہ حسین نے 2003 میں عاطف احمد خان سے شادی کی تھی اور ان کے 4 بچے ہیں۔