عثمان مرزا، جی ٹی روڈ ریپ کیس اور جتوئی کیس ہمارے نظام انصاف کیلئے چیلنج ہیں: فواد چوہدری

عثمان مرزا، جی ٹی روڈ ریپ کیس اور جتوئی کیس ہمارے نظام انصاف کیلئے چیلنج ہیں: فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات  فواد چوہدری  کا کہنا ہے  کہ عثمان مرزا  اسلام آباد ویڈیو اسکینڈل کیس، جی ٹی روڈ ریپ کیس،  اور جتوئی کیس ہمارے نظام انصاف کیلئے چیلنج ہیں،سوال یہ ہے کہ یہ کیس روزانہ کی بنیاد پر کیوں نہیں چل رہے؟

فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر  پر اپنے بیان میں کہا کہ ان کیسز  کو عمومی مقدموں کے طور پر کیوں لیا جا رہا ہے،پراسیکیوشن اور عدالت اپنی ذمہ داری نبھائیں،  ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا ریاست کا فرض ہے۔
https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1481127995779784706?s=20

خیال رہے کہ گزشتہ روز عثمان مرزا  ویڈیو اسکینڈل کیس میں حیران کن نیا موڑ سامنے آیا جب متاثرہ لڑکی نے عثمان مرزا سمیت دیگر ملزمان کو پہنچاننے سے انکار کر دیا ،لڑکی نے کہا پولیس والے مختلف اوقات میں سادہ کاغذوں پر اس سے دستخط اور انگوٹھے لگواتے رہے ہیں۔متاثرہ لڑکی کا مزید کہنا تھا میں کسی بھی ملزم کو نہیں جانتی اور نہ کیس کی پیروی کرنا چاہتی ہوں، کسی کو بھی تاوان کی رقم ادا نہیں کی ،ریحان سمیت کسی بھی ملزم نے  زیادتی کی کوشش نہیں کی، میں ریحان کو نہیں جانتی اور نہ ہی وہ ویڈیو بنا رہا تھا،عدالت نے لڑکی کے بیان کے بعد جرح کیلئے 18 جنوری کی تاریخ مقرر کردی ۔

دوسری جانب دو روز قبل شاہزیب قتل کیس کے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی کے متعلق اہم انکشاف ہوا  جس کے مطابق  شاہ رخ جتوئی گزشتہ کئی مہینے سے جیل کے بجائے کراچی کے غیر معروف نجی ہسپتال میں شاہانہ زندگی گزار رہا تھا ۔ تاہم میڈیا پر خبریں سامنے آنے کے بعد شاہ رخ جتوئی کو اس نجی اسپتال سے فوری جیل منتقل کیا گیا۔ 

شاہ رخ جتوئی نے شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔جس کے بعد  شاہ رخ جتوئی کو ماتحت عدالت نے سزائے موت دی تھی تاہم  ہائی کورٹ نے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔