بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر جمعہ کو ہو گی

بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر جمعہ کو ہو گی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نئی دہلی: بھارت میں شوال کاچاندنظرنہیں آیا جس کے بعد جمعرات کو 30 واں روزہ ہو گا جبکہ عیدالفطر 14 مئی بروز جمعہ منائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے باعث بھارت میں عیدالفطرجمعہ 14 مئی کو ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ہے جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے اور ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ 
نماز مغرب کے وقفے کے دوران مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزادکا کہنا تھاکہ پورے پاکستان میں رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں تاہم ابھی کسی علاقے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جہاں کہیں سے بھی شہادت موصول ہو گی اس کو ضرور دیکھا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی اور سکھر میں شوال کا چاند نظر نہ آنے پر زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ختم کر دئیے گئے۔ سکھر سے مفتی محمد ابراہیم قادری نے باضابطہ طور پر شاند نظر نہ آنے اور اجلاس ختم کرنے کا اعلان کی جبکہ کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس ختم کر دیا۔ 
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں بھی کہا گیا تھا شوال کے چاندکی پیدائش ہوگئی ہے لیکن غروب آفتاب کے وقت چاند نظر آنے کے کم ہیں کیونکہ غروب آفتاب کے وقت لاہورمیں چاند کی عمر 19 گھنٹے 17 منٹ ہو گی اور اس کی عمر 25 گھنٹے ہو تو نظر آنے کے امکانات ہوتے ہیں۔