چودھری برادران کا اپوزیشن اور حکومت کو سرپرائز 

چودھری برادران کا اپوزیشن اور حکومت کو سرپرائز 

لاہور:  تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے جہاں اسلام آباد مرکز نگاہ بنا ہوا تھا وہیں اب چودھری برادران نے اسلام آباد سے سیاسی سرگرمیاں ملتوی کر دی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد سے قبل گزشتہ دو ہفتوں سے اسلام آباد میں سیاسی ہلچل ،جوڑتوڑ عروج پر پہنچ چکا تھا لیکن اب پاکستان مسلم لیگ ق جس کے بارے میں یہ تصور کیا جا رہاتھا کہ یہ حکومت کیخلاف  گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں ،اب اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے لاہور واپس روانہ ہو گئے ہیں ۔

چوہدری پرویزالہی لاہور پہنچ چکے جبکہ چوہدری شجاعت حسین بھی لاہور کیلئےروانہ ہو گئے ہیں ،  وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد  پیش  ہونے کے بعد ق لیگ   سیاسی سرگرمیوں کا محور بنی ہوئی تھی ۔

اس سے قبل  پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءاور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے حکومت کیساتھ اتحاد ختم کرنے اور اپوزیشن کیساتھ بیٹھنے کا تاثر ختم کر دیا ، چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت چھوڑی ہے نہ ہی اپوزیشن جوائن کی ہے، ہم حکومت کا حصہ ہیں اور ہر مشکل وقت میں اس کا ساتھ دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان ایماندار آدمی ہیں اور ان کی نیب بھی اچھی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اتحادی ضرور ہیں مگر ایک الگ جماعت ہیں اور جماعتوں میں جماعتوں میں مختلف آراءہوتی ہیں لیکن فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت کیساتھ ہیں اور پہلے دن سے عوامی مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں، اتحادیوں کی مشاورت سے چلا جائے تو حکومت کا اپنا فائدہ ہے۔  

یاد رہے آج پنجاب اسمبلی کے سپیکر پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنماءجہانگیر ترین گروپ سے رابطہ کیا تھا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی آئندہ 2 روزہ میں ترین گروپ سے ملاقات بھی کریں گے۔

 جہانگیر ترین گروپ کے رکن فیصل حیات جبوانہ نے اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کی جانب سے ہمارے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں اور ملاقاتوں کیلئے دروازے کھلے ہیں۔