دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 72 لاکھ سے تجاوز

The number of people infected with Corona worldwide exceeds 57.2 million
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 72 لاکھ 31 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اموات کی تعداد 13 لاکھ 65 ہزار 461 ہو گئی ہے۔ اس وقت 1 کروڑ 61 لاکھ 45 ہزار 453 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ڈھائی لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ جاپان میں ایک دن میں ریکارڈ تعداد میں کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مصر کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری نے کورونا وائرس پر ڈراما سیریز بنانے کا اعلان کیا ہے۔

انڈونیشیا میں سرکاری عہدیداروں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر معطلی کی تنبیہ کی گئی ہے۔ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی آسترازینیکا کی کووڈ 19 ویکسین کو معمر افراد کے لئے محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ ٹرائل کےنتائج میں بتایا گیا ہے کہ کسی رضاکار کو غیر متوقع اور سنگین مضر اثرات کا سامنا نہیں ہوا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جہاں صورتحال کنٹرول میں نہیں آ رہی۔ امریکا میں وبائی مرض سے ایک کروڑ بیس لاکھ ستر ہزار سے زائد کیس سامنے آئے ہیں جبکہ دو لاکھ اٹھاون ہزار سے زائد شہری موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

لاطینی امریکا کا ملک برازیل بھی اس وبا سے بے حد متاثر ہے، ابتدا میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد امریکا کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ برازیل میں کورونا سے انسٹھ لاکھ تراسی ہزار سے زائد افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ اموات ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔

ہندوستان کی صورتحال بھی دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں کووڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ وائرس کا شکار افراد کے لحاظ سے اس کا تیسرا نمبر ہے۔ ہندوستان میں نوے لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد افراد اس مرض میں جکڑے جا چکے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھتے بڑھتے ایک لاکھ بتیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔