بھارت کی بھول ہے کہ وہ پاکستان کا متبادل ہو سکتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

Shah Mehmood Qurashi, Foreign Minister, Paksitan, UAE, Saudi Arabia, India
کیپشن: فائل فوٹو

ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور دوست ممالک کے تعلقات میں خلیج پیدا کرنے کی بھارتی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ بھارت کی بھول ہے کہ وہ پاکستان کا متبادل ہو سکتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عالمی وبا کی وجہ سے حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کی تقریبات محدود کی گئی ہیں۔ عوام کی زندگیوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ سب کو احتیاط کرنی ہے، دعاگو ہیں، اس وبا سے نجات ملے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ یو اے ای کے دورہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دبئی کے حکمرانوں سے ملاقاتوں کا موقع ملا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب دونوں برادر اسلامی ممالک بھارت کو پاکستان کا متبادل نہیں سمجھتے۔ متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں سے تمام اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

ایک اہم مسئلے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں ویزوں کی بندش عارضی ہے، جو جلد ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی صورت اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم نہیں کر سکتا۔ اسرائیل کے بارے میں ان کا موقف سنا اور سمجھا۔ اسرائیل سے متعلق میں نے پاکستان کا موقف واضح کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اوپر اسرائیل کے حوالےسے کوئی دباؤ نہیں، فلسطین کے مسئلے کا پرامن حل ضروری ہے۔ ہمیں فیصلے کسی دباؤ کی بجائے اپنے مفادات کے مطابق کرنے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور دوست ممالک کے تعلقات میں خلیج پیدا کرنے کی بھارتی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ بھارت کی بھول ہے کہ وہ پاکستان کا متبادل ہو سکتا ہے۔ عالمی برادری کے سامنے بھارتی دہشتگردی کے ثبوت رکھ دیئے ہیں۔ ای یو ڈس انفولیب نے بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث اور دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کیلئے معاونت کرتا ہے۔ بھارت جعلی این جی اوز اور جعلی ویب سائٹس کا استعمال کر رہا ہے۔ یہ انکشاف پاکستان نے نہیں کیا یورپی یونین نے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو جب بھی موقع ملا، اس نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ بھارت پر واضح کرتے ہیں وہ کوئی حماقت نہ کرے۔ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم غافل نہیں، بھارتی عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے معلومات شیئر کیں۔ بھارتی سرجیکل سٹرائیک اور فالس فلیگ آپریشنز منصوبےسے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف بھارت جو کرنا چاہتا ہے اس سے غافل نہیں، پاکستان کو معلوم ہے بھارت کیا کرنا چاہتا ہے۔ دنیا کو بتا چکے ہیں کہ بھارت باز رہے۔ کوئی حرکت کی تو اسے فوری جواب ملے گا۔ پی ڈی ایم قیادت ذاتی مفادات کی بجائے قومی ایجنڈے کو مدنظر رکھے۔ استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم کی صفوں میں انتشار ہے۔