شاہ رخ سے ملاقات کی خواہش مند خاتون انتقال کر گئیں

شاہ رخ سے ملاقات کی خواہش مند خاتون انتقال کر گئیں

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سے ملاقات کی خواہش مند بھارتی خاتون انتقال کر گئیں۔
بھارتی ریاست مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والی ریلوے کی ریٹائرڈ ملازمہ 60 سالہ ’ارونا پی کے‘ گزشتہ 6 سال سے کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں، انہیں ’اوورین اور بلڈ کینسر‘ کا مرض لاحق تھا۔ارونا پی کے نے رواں برس مارچ میں شاہ رخ خان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئیٹ کی تھی۔ارونا نے اپنی ٹوئیٹ میں کنگ خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہ رخ خان کے پیار سے بڑھ کر کسی کا پیار نہیں، اگر میں شاہ رخ خان سے مل لوں گی تو بالکل ٹھیک ہوجاوں گی‘۔


کینسر کی مریضہ کی جانب سے ٹوئیٹ کیے جانے کے بعد دیگر لوگوں نے بھی شاہ رخ خان کو خاتون سے ملنے کے لیے کہا، اور کئی لوگوں نے سیکڑوں ٹوئیٹس کیں۔لوگوں نے کینسر کی مریضہ ارونا پی کے کی خواہش کو نظر میں رکھتے ہوئے ٹوئٹر پر SRKmeetsAruna# کے ٹرینڈ کا آغاز کردیا کہ شاید یہ شاہ رخ خان کی نظر سے گزرے۔
تین دن قبل ہی21 اکتوبر کو شاہ رخ خان نے ٹرینڈ کا نوٹس لیتے ہوئے شاہ رخ خان یونیورس کے پیج سے رونا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


ویڈیو پیغام میں شاہ رخ خان نے اپنی عمر رسیدہ مداح کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ان سے جلد ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا، اور ساتھ ہی ان کے پورے خاندان کے لیے اپنے اہل خانہ کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔تاہم محض تین دن بعد ہی 60 سالہ ارونا پی کے 24 اکتوبر کے دن چل بسیں۔

اپنی مداح کے چل بسنے اور ان کی خواہش پوری نہ کرپانے کے بعد شاہ رخ خان نے فوراً ہی ارونا پی کے کے موت پر تعزیت اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔شاہ رخ خان نے اپنی ٹوئیٹ میں ان کے اہل خانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، اللہ انہیں دکھ کی اس گھڑی میں ہمت و حوصلہ عطا کرے۔بالی وڈ بادشاہ نے مزید لکھا کہ ’ارونا ہمیشہ اپنی مسکراہٹ کے ذریعے اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہیں گی‘۔