اب وزیراعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا عمران خان کا کوئی جواز نہیں رہا، مریم نواز

اب وزیراعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا عمران خان کا کوئی جواز نہیں رہا، مریم نواز
کیپشن: اب وزیراعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا عمران خان کا کوئی جواز نہیں رہا، مریم نواز
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز یوسف نے کہا کہ اب عمران خان کے وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا۔

سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر جس نے پی ڈی ایم کو فتح دی، یوسف رضا گیلانی اور پی ڈی ایم کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا۔ اپنے ہی لوگوں نے ووٹ چور عوام کے مجرم کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے فیصلے اور بیانیے کا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے سے انکار کر دیا۔ شاباش مسلم لیگ ن اور مستقبل آپ کا ہے۔ 2018 کی ووٹ چوری کا بدلہ ڈسکہ کے عوام نے لے لیا اور چیرمین سینٹ کا الیکشن چھینے جانے کا بدلہ آج عوامی نمائندوں نے لے لیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عوام اور انکے نمائندوں نے ڈرنے سے انکار کر دیا۔ جعل سازی اب نہیں چل سکتی۔

خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔ 

حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔ یوسف رضا گیلانی نے 169ووٹ حاصل کئے اور حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کئےجبکہ 7 ووٹ مسترد ہوئے۔  یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لئے اور اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔