عمران خان شکست تسلیم کرکے اسمبلیاں تحلیل کر یں اور انتخابات کرائیں:مولانا فضل الرحمن

عمران خان شکست تسلیم کرکے اسمبلیاں تحلیل کر یں اور انتخابات کرائیں:مولانا فضل الرحمن
کیپشن: عمران خان شکست تسلیم کرکے اسمبلیاں تحلیل کریں اور انتخابات کرائیں، مولانا فضل الرحمن
سورس: فائل فوٹو

 اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے یوسف رضا گیلانی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا اب چیلنج کرنے کا اعلان کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات کے تمام مراحل میں قومی اسمبلی کے مقابلے پر پوری قوم کی نظر تھی،قومی اسمبلی کا نتیجہ حکومت اور اپوزیشن کی کامیابی کا معیار ٹھہرا تھا،پی ڈی ایم امیدوار کی کامیابی ثابت کر چکی ہے کہ اڑھائی سال سے ملک میں جعلی حکومت ہے۔

 انہوں نے کہاکہ عمران خان اپنی قومی اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں،عمران خان شکست تسلیم کرکے اسمبلیاں تحلیل کر یں اور دوبارہ انتخابات کرائیں،عمران خان ووٹ کے ساتھ خود بھی ضائع ہوچکے ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا اب اس کو چیلنج کرنے کا اعلان کوئی حیثیت نہیں رکھتا،جن کو ووٹ ڈالنے کا طریقہ نہیں آتا وہ لوگ ملک پر حکومت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں طے کریں گے۔