عوام کے ٹھکرائے ہوئے سیاسی عناصر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی:شہبازشریف

عوام کے ٹھکرائے ہوئے سیاسی عناصر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی:شہبازشریف

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح،خوشحالی اور معاشی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں ۔ مسلم لیگ(ن) کو اقتدار ملا تو پاکستان بدترین اندرونی اور بیرونی مسائل میں گھرا ہوا تھا. تاہم گزشتہ چار برس کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں تعمیروترقی کا تاریخی سفر کامیابی سے آگے بڑھایاگیا ہے اورمسلم لیگ(ن) ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کرترقی کی راہ پر ڈالنے میں کامیابی ہوئی ہے ۔ ورثے میں ملی تباہ حال معیشت کو بحال کر کے مضبوط بنیادوں پر استوار کیاگیا ہے ۔دہشت گردی،توانائی بحران کے خاتمے اور اقتصادی جمودکو توڑنے کی مخلصانہ کاوشیں کامیابی سے ہمکنارہوئی ہیں اورآج کا پاکستان 2013ء سے کہیں بہتر،پرامن اورمعاشی طورپر مضبوط ہے،بلاشبہ ملک کی تیز رفتار ترقی کا کریڈٹ وزیراعظم محمد نوازشریف کی مدبرانہ قیادت اورشاندار معاشی پالیسیوں کو جاتا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن اورغلط پالیسیوں کے باعث قومی معیشت کا بیڑہ غرق ہوااوران حکمرانوں کی بے دردی سے قومی وسائل کی لوٹ مارسے ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔ دورآمریت میں جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کرپنجاب کے سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر زمینوں کا کاروبار کیا اوران حکمرانوں کے کرپشن کے قبرستانوں کو ہم نے ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے ۔ قوم کو کنگال کرنیوالے کرپٹ حکمران آج سی پیک منصوبہ بنانے کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں ۔ ان حکمرانوں کو اپنے دور میں اس منصوبے پر عملدر آمد کا خیال کیوں نہ آیا ؟۔کرپٹ حکمرانوں نے قوم کو اندھیرے ،غربت اوربے روزگاری کے تحفے دیئے۔ 

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب دھرنا گروپ نے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالااورقوم کی مشکلات بڑھائیں۔دھرنے والوں نے اپنی ہٹ دھرمی ،ضد اورمنفی سیاست کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پیدا کی ۔عوام ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں اورترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کوپہچان چکے ہیں اور عوام کے ٹھکرائے ہوئے ان عناصر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مکمل کرے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں