آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے چینی سفیر کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو

Chinese Ambassador meets Asif Ali Zardari and Bilawal Bhutto, discusses important issues
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے اہم ملاقات کی جس میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چینی سفیر نے بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے دونوں قائدین سے ملاقات کی۔ چینی سفیر نوگ رونگ قونصل جنرل کراچی اور ڈیفنس اتاچی کے ہمراہ ملاقات کیلئے پہنچے تو آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان بھی شامل تھیں۔

ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی قائدین نے چینی سفیر کے ساتھ اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر سیر حاصل گفتگو کی جبکہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط کرنے کیلئے باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی۔

چینی سفیر نے خود بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کیساتھ ملاقات کی تصدیق کی اور اس موقع کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں چین کی کمیونسٹ پارٹی اور پیپلز پارٹی کے دوستانہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلز پارٹی قائدین کا دوران ملاقات ہونے والی گفتگو میں کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے اور پاکستان کی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ اس موقع پر زرداری اور بلاول نے عالمی وبا سے بچاؤ کی ادویات پاکستان کو فراہم کرنے پر چینی قیادت اور سفیر نونگ رونگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔