ملالہ یوسف زئی نے گلیٹسمین ایوارڈ 2018 اپنے نام کر لیا

ملالہ یوسف زئی نے گلیٹسمین ایوارڈ 2018 اپنے نام کر لیا
کیپشن: ایوارڈ اعزاز ملالہ یوسف زئی کو بچیوں کی تعلیم کے لیے مسلسل جدوجہد اور متحرک رہنے پر دیا گیا ہے۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ہارورڈ یونیورسٹی آفیشل ٹوئٹر

لندن: ملالہ یوسف زئی نے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی کو تعلیم کے حوالے سے ان کی خدمات پر ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے گلیٹسمین ایوارڈ 2018  سے نوازا گیا۔

ہارورڈ کے کینیڈی اسکول کے مطابق یہ اعزاز ملالہ یوسف زئی کو بچیوں کی تعلیم کے لیے مسلسل جدوجہد اور متحرک رہنے پر دیا گیا ہے۔ ہارورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ملالہ کی کہانی نے نئی نسل کے لڑکوں اور لڑکیوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کے لیے متاثر کیا ہے۔

ملالہ کو 2012 میں سوات میں دہشت گردوں نے حملے کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد وہ بیرون ملک منتقل ہو گئیں اور اس وقت برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔

ملالہ کو 2014 میں محض 17 برس کی عمر میں امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا۔ ملالہ یوسفزئی خواتین کے حقوق اور تعلیم کے لیے ہمیشہ اپنی آواز بلند رکھتی ہیں اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے مسلسل کوشاں بھی ہیں۔