سعودی عرب میں یوسف القرضاوی کی کتابوں پر پابندی عائد

سعودی عرب میں یوسف القرضاوی کی کتابوں پر پابندی عائد

ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے قطری حمایت یافتہ عالم دین یوسف القرضاوی کی تمام کتب پر سعودی عرب میں مکمل طورپر پابندی عائد کردی ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر تعلیم احمد بن محمد العیسیٰ نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ مملکت میں مصری نژاد مبلغ یوسف القرضاوی کی تمام کتب پر پابندی عائد کی گئی ہے اور سعودیہ کے کسی اسکول یا یونیورسٹی میں ان کی کوئی کتاب موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ یوسف القرضاوی کی تمام کتب اسکولوں اور جامعات کے نصاب سے نکال دی گئی ہیں۔

ان کی کتب کی سعودی عرب میں طباعت و اشاعت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ ان میں بیان کردہ حساس موضوعات میں سعودی طلباء وطالبات کو الجھنے سے بچایا جائے ۔سعودی وزارت تعلیم نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو ایک سرکلر جاری کیا گیا جس میں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یوسف القرضاوی کی کتب کو نصاب سے نکالیں اور لائبریریوں میں موجود ان کی کتب کو وہاں سے ہٹایا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔