’’ الجبرا ‘‘ کا سوال حل کرنے والے طالبعلم کو وائی فائی کا پاس ورڈ ملے گا

’’ الجبرا ‘‘ کا سوال حل کرنے والے طالبعلم کو وائی فائی کا پاس ورڈ ملے گا
کیپشن: فائل فوٹو

بیجنگ:  چین کی یونیورسٹی میں وائی فائی کا پاس ورڈ حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا کو الجبرا کی ایک مساوات کو حل کرنے کی شرط عائد کردی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیجنگ یونیورسٹی برائے طیارہ سازی اور فلکیات نے جامعہ کے کیفے ٹیریا میں استعمال ہونے والے وائی فائی کا پاس ورڈ معلوم کرنے کے لیے طالب علموں کو الجبرا کی ایک مشکل مساوات کو حل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔

اب صرف ان طالب علموں کو پاس ورڈ مل سکے گا جو مساوات کو حل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔جامعہ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس عمل سے دہرا فائدہ ہوا ہے ایک تو طلبا میں الجبرا سیکھنے کا شوق بیدار ہوا ہے تو دوسرا نکمے قسم‘ کے طالب علموں کو وقت بربا د کرنے کے لیے کیفے ٹیریا میں جائے پناہ نہیں مل سکے گی۔

اس خبر کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ کچھ طالب علموں نے الجبرا کی مساوات کو حل کر کے درست جواب سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا اور یہ سلسلہ جاری ہے جس کے بعد سے اب یونیورسٹی انتظامیہ کو ہر دوسرے دن ’پاس ورڈ‘ تبدیل کرنا پڑتا ہے تاکہ طالب علم دھوکے سے پاس ورڈ حاصل نہ کرلیں۔