سپیکر قومی اسمبلی سے بھارتی پارلیمانی وفد کی ملاقات

سپیکر قومی اسمبلی سے بھارتی پارلیمانی وفد کی ملاقات

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ منتخب نمائندوں پر دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین دوستانہ اور خوشگوار تعلقات قائم کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ممبر لوک سبھا ششی تھرور کی سربراہی میں 3رکنی بھارتی پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں ششی تھرور کے علاوہ رکن لوک سبھا مناکشی لیکھی اور ممبر را جیہ سبھا سواپن داسگپتا شامل تھے۔ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو کشادہ کرنے والے عوامل کے علاوہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سر دار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ہر سطح پر باہمی رابطے اورمذاکرات دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے اور خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پاکستان کی قومی اسمبلی اور بھارت کی لو ک سبھا کے مابین قانون سازی ، تحقیق اور دیگر شعبوں میں تجربات کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا ۔

سپیکر نے وفد کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں پارلیمانی دوستی گروپوں کی تشکیل سے آگا ہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی دوستی گروپ پارلیمانی سفارت کاری میں اور پارلیمانوں کے تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں 90دوستی گروپ قائم کیے گئے ہیں جو نہ صرف محرک ہیں بلکہ پارلیمانی سفارت کاری میں انتہائی فعال کردار ادا کر رہے ہیں ۔رکن لوک سبھا ششی تھرور نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دونوں اقوام جو پہلے ہی سے مشترکہ ثقافت اور تاریخ سے جوڑے ہوئے ہیں کومزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔انہوں نے پاکستان اور بھارت کے مابین پارلیمانی رابطوں کے فروغ کی سپیکر کی تجویز سے اتفاق کیا ۔ملاقات میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت دیگر قائمہ کمیٹیوں کے کام کو بہتر بنانے کے لیے باہمی تجربات کے تبادلوں پر غور کیا گیا ۔