دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب،   ہزاروں افراد کی نقل مکانی جاری

دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب،   ہزاروں افراد کی نقل مکانی جاری
سورس: File

بہاولپور: بھارت کی جانب سے دریا میں مزید پانی چھوڑنے کے بعد ستلج میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔  فلڈ فارکاسٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی ہیڈ ورکس میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے۔

دریائے ستلج میں سیلاب  کے باعث بہاولپور کے دریائی علاقوں سے 76 ہزار  سے زائد افراد کی حفاظتی اقدام کے طور پر فلڈ فارکاسٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ ہدایات اور پیش گوئی کے بعد منتقلی کا عمل جاری ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق گنڈا سنگھ والا میں پانی کی آمد اور اخراج 174,062 کیوسک جبکہ سلیمانکی ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد 146,271 کیوسک رہی۔

دریں اثنا، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1559.10 فٹ اور منگلا ڈیم میں 1242 فٹ ہے۔

 محکمہ تعلیم نے ستلج کے اطراف کے علاقوں میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسکولوں میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے امدادی کیمپ لگائے جائیں گے۔

قبل ازیں بہاولپور کے کمشنر احتشام انور نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ دریائے ستلج کے کنارے واقع علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب ہے اور ہم بہاولنگر اور بہاولپور اضلاع اور دیگر علاقوں سے گزرنے والے دریائے ستلج کے کنارے واقع دیہاتوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر لوگوں کو اپنے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے۔

دریں اثنا، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دریائے ستلج کے کناروں کے قریب واقع علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ سیلاب جیسی صورتحال سے متاثر ہونے کی صورت میں لوگوں کو ہنگامی امداد پہنچائی جا سکے۔

مصنف کے بارے میں