ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 495 ہو گئی

ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 495 ہو گئی
کیپشن: کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 14 افراد متاثر ہوئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: بلوچستان میں 11 اور کراچی میں  کورونا وائرس کے 3 مزید کیسز کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد ملک میں متاثرین کی تعدا 495 تک پہنچ گئی ہے۔بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق اب تک صوبے میں 993 افراد کی اسکریننگ ہو چکی ہے اور مزید 11 متاثرین کی تصدیق کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 92 ہو چکی ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس  کے مزید تین متاثرین کی تصدیق کی ہے جس کے بعد شہر میں وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 101 اور صوبے میں 252 ہوگئی ہے۔ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 14 افراد متاثر ہوئے۔ شہر کے مجموعی متاثرین میں سے  60 افراد کو رابطوں کے زریعے کورونا وائرس لاحق ہوا جب کہ دیگر متاثرین بیرون ملک سفر کر چکے تھے۔

اس سے قبل جمعے کے روز وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے سندھ میں کورونا وائرس کی پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والا کورونا وائرس میں مبتلا مریض دم توڑ گیا ہے۔ نجی اسپتال میں زیر علاج 77 سالہ شخص کینسر کے مرض میں مبتلا تھا، جاں بحق شخص کو ڈائبیٹیز اور ہائیپرٹینشن بھی تھا جب کہ مریض کی کوئی سفری تفصیلات نہیں ہیں۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 252 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 23 ، پنجاب میں 96، بلوچستان میں 92، اسلام آباد میں 10، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 22  افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔