وفاقی وزیر فواد چودھری نے مریم اور بلاول کو ''شو پیس'' قرار دیدیا

Federal Minister Fawad Chaudhry termed Maryam and Bilawal as
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے قائدین مریم نواز اور بلاول بھٹو کو شو پیس قرار دیدیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپنی جماعتوں کے فیصلے میاں نواز شریف اور آصف زرداری نے کرنے ہیں، مریم نواز اور بلاو بھٹو صرف شوپیس ہیں۔

فواد چودھری نے سیاسی قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کا بنیادی مقصد اپنے کیسوں سے خود کو نکالنا ہے، ان لوگوں کو کسی اور معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے بلاول اور مریم دونوں کو ''بچے'' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں سے مذاکرات کرکے کون اپنا وقت ضائع کرنا چاہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست معمول کی روٹین پر آ چکی ہے۔ سارے لوگ اب اپنی تنخواہوں پر کام کرینگے۔ یہ لوگ استعفے دینگے نہ ہی کوئی لانگ مارچ ہوگا۔

اپنی ایک دوسری ٹویٹ میں انہوں نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وکی لیکس بتایا تھا کہ مولانا نے انکشاف کیا تھا کہ وزیراعظم بنانے میں میری مدد کی جائے، میری پارٹی کے ووٹ برائے فروخت ہیں۔

انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف پر بھی اپنے الفاظوں کے نشتر چلائے اور سوال اٹھایا کہ وہ کسی حیثیت میں اپنی جماعت کی قیادت کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے صرف ایک فون کے ذریعے مریم سے کہا کہ اب آپ اپنی جماعت کی قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔