محمد حسنین کے باؤلنگ ایکشن میں کوئی مسئلہ نہیں: سرفراز حمد

محمد حسنین کے باؤلنگ ایکشن میں کوئی مسئلہ نہیں: سرفراز حمد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ محمد حسنین کے باؤلنگ ایکشن میں مجھے تو کوئی مسئلہ نظر نہیں آیا، وہ پی ایس ایل میں ان ایکشن نظر آئیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا باؤلنگ کا شعبہ بہت مضبوط ہوگیا ہے اور امید ہے کہ وہ اس سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھائے گا، آخری دو سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی تاہم امید ہے کہ کھلاڑی اس بار بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی جتنی جلد سکواڈ جوائن کریں گے اتنی ہی اچھی حکمت عملی بنے گی، آسٹریلین کرکٹر جیمز فالکنر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے اور وہ ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گے جبکہ لیوک ووڈ قرنطینہ کی مدت پوری کرنے کے بعد پاکستان آ جائیں گے۔ 
واضح رہے کہ آسٹریلین ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی تھنڈرز کی جانب سے سڈنی سکسرز کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی منظوری شدہ بائیو مکینک لیب میں دیا جس کی رپورٹ 14 روز میں ملے گی۔