مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی نواز شریف کےتاریخی استقبال کیلئے وطن واپسی

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی نواز شریف کےتاریخی استقبال کیلئے وطن واپسی
سورس: File

لندن: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے تاریخی استقبال کی تیاریوں کے لئےمختصر دورہ لندن کے بعد آج لاہور پہنچیں گی۔ مریم نواز نے نواز شریف کی واپسی پر تاریخی استقبال کے لئے ہنگامی مشاورتی اجلاس طلب کر لیا۔ 

نیونیوز کے مطابق مریم نواز نے نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے لئے اپنا میڈیکل چیک اپ منسوخ کرکے لندن کا دورہ مختصر کیا۔ مریم نواز لندن میں اپنی رہائشگاہ ایون فیلڈ ہاؤس سے ہیتھرو ائرپورٹ روانہ ہوگئیں جہاں سے وہ براستہ یو اے ای آج لاہور پہنچیں گی۔

 مریم نواز لاہور کے قومی اسمبلی کے 14 حلقوں میں ہنگامی بنیادوں پر جلسے کریں گی۔وقت کی کمی کے باعث ایک دن میں دو جلسے ہوں گے۔جلسوں سے مریم نواز، حمزہ شہباز ، رانا ثنا اللہ اور دیگر سینئر قیادت خطاب کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے استقبال کے لئے چاروں صوبوں کے دورے شیڈول میں شامل ہیں جبکہ پنجاب کے 9 ڈویژن میں جلسوں کے انعقاد کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔ 

مریم نواز 21 اکتوبر کو نوازشریف کی پاکستان واپسی پر ان کے استقبال کے انتظامات اور تیاریوں کی نگرانی کریں گی۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے لندن میں چار روزہ قیام کے دوران نواز شریف، شہباز شریف اور اسحاق ڈار کے علاوہ مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے وطن واپس روانگی سے قبل بھی حسن نواز کے دفتر میں اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

پارٹی صدر شہباز شریف اور سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ایک روز بعد لندن سے لاہور کے لئے روانہ ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں