بھارت اور جنوبی افریقہ کے براڈ کاسٹرز کو ابوظہبی لینڈنگ کی اجازت مل گئی

بھارت اور جنوبی افریقہ کے براڈ کاسٹرز کو ابوظہبی لینڈنگ کی اجازت مل گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 6 کا تنازعہ حل ہوگیا ہے اور بھارت اور جنوبی افریقہ کے براڈ کاسٹرز کو ابوظہبی لینڈنگ کی اجازت مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مداخلت پر اماراتی حکام نے لینڈنگ کی اجازت دیدی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے پی ایس ایل کو بچانے کیلئے اماراتی حکام سے بات چیت کی اور اجازت حاصل کی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک سے آنے والی چارٹرڈ فلائٹس جلد پرواز کریں گی اور تمام افراد کو ویزے ملتے ہی چارٹرڈ فلائٹس کوحتمی شکل دی جائے گی۔
جنوبی افریقہ سے آنے والی پرواز میں بھارتی اور جنوبی افریقی شہری شامل ہیں جو کہ پی ایس ایل میں براڈ کاسٹ کے معاملات دیکھیں گے، اسی فلائٹ میں پی ایس ایل کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں باقی رہ جانے والے تمام افراد کو ویزے ملتے ہی یہاں سے چارٹرڈ فلائٹ کو حتمی شکل دی جائے گی اور ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان اگلے دو روز میں کر دیا جائے گا۔