بلوچستان میں سیلاب سے مزید 6 افراد جاں بحق

بلوچستان میں سیلاب سے مزید 6 افراد جاں بحق

کوئٹہ: بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے مزید 6 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 248 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیلاب سے 61 ہزار 48 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ توبہ کاکڑی اور توبہ اچکزئی میں 5 ڈیمز ٹوٹنے سے پانی نے تباہی مچا دی۔ 
کوئٹہ کراچی، کوئٹہ بولان، جیکب آبد قومی شاہراہ کئی مقامات پر بہہ جانے سے بند ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کا رابطہ بھی بحال نہیں کیا جا سکا تاہم کوئٹہ، تفتان، ایران شاہراہ تین دن بعد بحال کردی گئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات کے پی میں 16 رپورٹ ہوئی جبکہ سندھ اور گلگت بلتستان میں2، 2 بلوچستان اور آزاد کشمیر میں 4، 4 افراد جاں بحق ہوئے، سب سے زیادہ اموات سندھ میں 349 ہوئی ہیں جبکہ اب تک 1 ہزار 575 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ 
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 13 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، ملک بھر میں اب تک 9 لاکھ 92 ہزار871 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے مزید 7 ہزار 586 مویشی ہلاک ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر 7 لاکھ 27 ہزار 144 مویشی مر چکے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں