جسٹس فائز کیخلاف بینچ سے تین ججزکو الگ کرنے کی درخواست خارج

جسٹس فائز کیخلاف بینچ سے تین ججزکو الگ کرنے کی درخواست خارج
کیپشن: سپریم کورٹ نے عدم پیروی کی بنیاد پر اپیل خارج کر دی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے پر لارجر بینچ سے تین ججزکو الگ کرنے کی درخواست خارج کر دی گئی۔

چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے وکیل کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کی رجسٹرار کے آرڈر کے خلاف اپیل کی ان چیمبر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ سے جسٹس عمر عطاء بندیال ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منظور ملک کو الگ کیا جائے۔

کرنل (ر) انعام الرحیم دوران سماعت عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ سپریم کورٹ نے عدم پیروی کی بنیاد پر اپیل خارج کر دی۔

واضح رہے کہ کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم 16 دسمبر سے لاپتہ ہیں۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں راولپنڈی میں رہائش گاہ سے اغوا کر لیا گیا ہے۔ ایڈووکیٹ انعام الرحیم کی بازیابی کامقدمہ ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں زیرسماعت ہے اور اہل خانہ نے ان کےاغواکامقدمہ بھی درج کروارکھاہے۔