جو ہتھیار پھینک دے اس سے مذاکرات ہوسکتے ہیں : شیخ رشید

جو ہتھیار پھینک دے اس سے مذاکرات ہوسکتے ہیں : شیخ رشید

کراچی : وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مہنگائی کی سب سے زیادہ فکر عمران خان کو ہے ۔ انشاء اللہ جلد مہنگائی پر قابو پالیں گے ۔  جو ہتھیار پھینک دے اس سے بات ہوسکتی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خطے میں ٰپوزیشن پہلے سے بہتر ہورہی ہے ۔خطے میں امن کے لئے پاکستان کشمیر پر بھی بات چیت کرنے کو تیار ہے ۔ 

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں پتہ ہے کہ اچھا کون ہےا ور برا کون ہے ہم صرف اچھے لوگوں کے ساتھ  مذاکرات کررہے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہناتھا کہ پٹرول کی قیمت پوری دنیا میں بڑھی ہے  لیکن پاکستان میں اب بھی کم ہے  انہوں نے کہا کہ مہنگے پٹرول کے اثرات پوری دنیا پر پڑرہے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ جلد مہنگائی پر قابو پالیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد مہنگائی پر کنٹرول کریں گےاور  ملک کو آگے لے کر جائیں گے کیونکہ اس وقت مہنگائی کی سب سے زیادہ  فکر عمران خان کو ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اگلا الیکشن عمران خان کی قیادت میں  ہی لڑنا ہے۔


انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرکے جانے والوں کا کیس الگ ہےہم صرف اچھے لوگوں سے مذاکرات کریں گے اور ابھی صرف بات چیت کا آغاز ہے ہمارا مقصد پاکستان کے دشمنوں سے نمٹنا ہے ۔  ملک سے دہشتگردی ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت  کشمیر پر370آرٹیکل سے پیچھے ہٹ  جائے تو بات چیت کو تیار ہیں۔ملکی سیاسی جماعتوں کے بارے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ کنویں کی مینڈک ہے لیکن  لڑائی سمندر میں ہونے جارہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی سمجھوتا ایکسپریس پر چڑھ چکی ہے۔ن لیگ لتر بھی کھائے گی اور سمجھوتا ایکسپریس پر بھی سوار ہوگی۔