پی سی بی نے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا

پی سی بی نے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا ہے اور تمام کھلاڑی کل رپورٹ کریں گے جبکہ ٹریننگ کا آغاز جمعے سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹریننگ کیمپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ کے سربراہ سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کی زیر نگرانی اس 38 روزہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ذہنی و جسمانی پختگی کے ساتھ ان کے تکنیکی پہلوؤں پر کام کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد بھی معاونت کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ٹریننگ کیمپ میں عبداللہ شفیق، حارث سہیل، عمران بٹ، محمد عباس، نعمان علی اور یاسر شاہ سمیت 26 کھلاڑیوں کو بلایا گیا ہے جو جمعے سے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔